ہیپاٹائٹس B

ہیپاٹائٹس B کیا ہے؟

ہیپاٹائٹس B، ہیپاٹائٹس B وائرس کی وجہ سے جگر میں ہونے والی سوزش ہے۔ بالغ افراد میں، زیادہ تر صورتوں میں ہیپاٹائٹس B انفیکشن اچانک رونما ہوتا ہے، جہاں جسم وائرس کو خود ہی شکست دے ڈالتا ہے اور آپ ہیپاٹائٹس B سے بعد میں دوبارہ متاثر نہیں ہو سکتے۔. تاہم متاثر ہونے والوں میں سے 10% میں ہیپاٹائٹس B دائمی شکل اختیار کر لیتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ انفیکشن کے 6 ماہ بعد بھی وائرس خون میں موجود ہوتا ہے اور دیگر افراد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔1 دائمی ہیپاٹائٹس B کے شکار مریضوں میں سیروسِس اور جگر کے کینسر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے.2

جگر کا سیروسِس کیسے بنتا ہے اور اس کے کیا اثرات ہوتے ہیں، اس بارے میں یہاں مزید پڑھیں۔.

چھوٹے بچوں اور کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد میں، اچانک ہونے والا ہیپاٹائٹس B شاذونادر ہی ٹھیک ہوتا ہے اور 90% تک مریضوں میں یہ دائمی صورت اختیار کر لیتا ہے.1

ہیپاٹائٹس B کے بارے میں ایک وضاحتی ویڈیو یہاں

پھیلاؤ

ہیپاٹائٹس B، سب سے عام پائی جانے والی متعدی بیماریوں میں سے ایک ہے:1

  • دنیا بھر میں تقریباً 2 بلین افراد ہیپاٹائٹس B وائرس سے متاثر ہوئے یا تاحال متاثرہ ہیں1
  • تقریباً ہر سال انفیکشن کے 1.5 ملین نئے کیس سامنے آتے ہیں3
  • جرمنی میں، سال 2020 کے دوران صرف ہیپاٹائٹس B کے 7,000 سے کچھ کم نئے (دائمی اور اچانک ہونے والے) کیسز رپورٹ کیے گئے تھے؛ غیر رپورٹ شدہ کیسز کی تعداد ممکنہ طور پر اس سے زیادہ ہے2

ہیپاٹائٹس B بہت متعدی ہوتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ بذریعہ خون منتقل ہوتا ہے، لیکن یہ دیگر جسمانی رطوبتوں جیسا کہ لعاب، آنسوؤں، نطفے اور اندام نہانی سے خارج ہونے والی رطوبتوں میں بھی پایا جاتا ہے۔ درج ذیل صورتوں میں وائرسز بکثرت منتقل ہوتے ہیں

  • متاثرہ فرد کے ساتھ غیر محفوظ طریقے سے (یعنی کنڈوم کے بغیر) جنسی اختلاط۔
  • منشیات کے استعمال میں آلودہ سوئیوں کا استعمال اور سونگھنے کی نلکیاں شیئر کرنا
  • جسم پر ٹیٹو بنواتے یا چھدواتے وقت متاثرہ سوئیاں/آلات استعمال کرنا
  • ذاتی نگہداشت کی اشیاء کا مشترکہ استعمال جیسا کہ ریزرز
  • دورانِ ولادت متاثرہ ماں سے بچے کو منتقلی۔1

ہیپاٹائٹس B طویل عرصے تک چھپا رہ سکتا ہے، کیونکہ یہ اکثر ناقابل شناخت ہوتا ہے اور مرض کی کوئی مخصوص علامات نہیں ہوتیں۔ اگر آپ طویل عرصے تک مندرجہ ذیل علامات محسوس کرتے ہیں تو آپ کو ہوشیار ہو جانا چاہیئے اور ڈاکٹر کو دکھانا چاہیئے۔1

  • متلی اور قے آنا
  • بھوک میں کمی
  • بےچینی
  • بخار
  • جوڑوں کا درد
  • جلد اور آنکھوں میں ممکنہ طور پر پیلاہٹ (یرقان)
  • گہرے رنگ کا پیشاب، ہلکے رنگ کا پاخانہ

ہیپاٹائٹس B انفیکشن کا پتہ لگانے کے لیے، خون میں وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز اور وائرس کے متعدد اجزاء کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔1

قانونی طور پر بیمہ کے حامل 35 برس سے زائد عمر کے افراد کو اپنی ‘صحت کے معائنے’ کے حصے کے طور پر ایک مرتبہ ہیپاٹائٹس B (اور C کا بھی) مفت ٹیسٹ کروانے کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔4

چونکہ انفیکشن کی شکار مائیں پیدائش کے عمل کے دوران یہ وائرس نوزائیدہ بچے میں منتقل کر سکتی ہیں، لہذا حاملہ خواتین کی ہیپاٹائٹس بی کے لیے جلد از جلد اسکریننگ کی جاتی ہے۔5 اگر ہیپاٹائٹس B وائرس کا پتہ چل جاتا ہے، تو ہیپاٹائٹس D کے لیے بھی ٹیسٹ کیا جانا چاہیئے۔ ہیپٹائٹس D وائرس کی بیک وقت موجودگی جگر کی بیماری کے دورانیے پر منفی طور پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔1

بالغ افراد میں، اچانک رونما ہونے والا ہیپاٹائٹس B کا انفیکشن عام طور پر بغیر کسی اثرات کے ٹھیک ہو جاتا ہے اور کچھ ہفتوں کے اندر علامات ختم ہو جاتی ہیں۔1 تاہم، اگر ہیپاٹائٹس B دائمی شکل اختیار کر چکا ہو، تو مرض کے پھیلاؤ کی نگرانی اور ابتدائی مرحلے پر ہی جگر میں تبدیلیوں کی نشاندہی کے لیے ڈاکٹر کے پاس باقاعدگی سے جانا ضروری ہے۔6 ادویات کے ذریعے علاج ایک عمومی اختیار ہے۔ اس کے لیے علاج کے دو طریقے دستیاب ہیں:1

  1. PEG interferon-alpha
    • محدود مدت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم یہ تمام مریضوں کے لیے موزوں نہیں ہے
  1. خصوصی ادویات جو کہ براہ راست وائرس کے خلاف کام کرتی ہیں
  • وائرس کی افزائش کو روکتی ہیں
  • اکثر انہیں ہمیشہ کے لیے لینے کی ضرورت ہوتی ہے

زیادہ تر صورتوں میں، ہیپاٹائٹس B سے صحت یابی ممکن نہیں ہو سکتی، تاہم بروقت علاج سے جگر کے سیروسِس یا جگر کے کینسر کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔1,3 آپ کی دیکھ بھال کرنے والا ڈاکٹر یہ طے کرے گا کہ آپ کے لیے کون سا طریقہ علاج بہترین ہے۔

1982 سے، ہیپاٹائٹس B کے خلاف ایک بہت موثر اور جسم کے لیے قابلِ برداشت ویکسین موجود ہے، جسے 2 ماہ کی عمر کے بچوں کے لیے تجویز کیا جاتا ہے۔1,6 ہیپاٹائٹس B وائرس سے ہونے والے انفیکشن کے خلاف یہ تحفظ کا بہترین طریقہ ہے۔ اگر آپ نے ہیپاٹائٹس B کے خلاف ویکسین لگوا رکھی ہے، تو آپ کو ہیپاٹائٹس D بھی نہیں ہو سکتا۔

مزید برآں، انفیکشن سے متاثرہ افراد کے خون اور دیگر جسمانی رطوبتوں سے ہر ممکن حد تک پرہیز کے ذریعے بھی انفیکشن سے متاثر ہونے کے خطرے میں کمی لائی جا سکتی ہے، جیسا کہ درج ذیل رویوں اور اقدامات کے ذریعے:1

  • محفوظ طریقے سے جنسی اختلاط (کنڈومز خطرے میں کمی لاتے ہیں، تاہم اسے مکمل طور پر ختم نہیں کرتے)
  • بذریعہ نس اور ناک کے ذریعے استعمال کیے جانے والے نشہ آور امواد کے لیے، ہمیشہ اپنے انجیکشن کے آلات اور لوازمات استعمال کریں، دوسروں کے ساتھ کبھی شیئر مت کریں
  • جسم پر ٹیٹو بنواتے اور اسے چھدواتے وقت، یہ ضروری ہے کہ استعمال ہونے والے آلات جراثیم سے پاک ہوں
  • ذاتی حفظانِ صحت کی پراڈکٹس جو خون سے آلودہ ہو سکتی ہوں انہیں کبھی شیئر مت کریں، جیسا کہ ریزرز

ہمارا مواد شیئر کریں

اضافی موضوعات

ہیپاٹائٹس C

ہیپاٹائٹس C دراصل کیا ہے؟ یہاں آپ مفید تفصیلات پائیں گے۔

مزید جانیں

ہیپاٹائٹس D

ہیپاٹائٹس D کے بارے میں معلومات حاصل کریں! ہیپاٹائٹس B سے کیا فرق ہے؟ اور آپ خود کو کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں؟

مزید جانیں

جگر

کیا آپ ہمارے جگر اور اس کے کام کے بارے میں مزید جاننا چاہیں گے؟ تو پھر آپ درست جگہ پر ہیں ۔

مزید جانیں

کتابیات

  1. RKI-Ratgeber Hepatitis B und D [RKI guidebook Hepatitis B and D]. https://www.rki.de/DE/Content/Infekt/EpidBull/Merkblaetter/Ratgeber_HepatitisB.html (رسائی کردہ اکتوبر 2023)۔
  2. RKI, Epidemiologisches Bulletin [Epidemiological Bulletin] 29/2021.
  3. Hepatitis B. https://www.who.int/news-room/fact-sheets/detail/hepatitis-b (رسائی کردہ اکتوبر 2023)۔
  4. Kassenärztliche Vereinigung – Praxisinformation [Association of Statutory Health Insurance Physicians – Practice News]. https://www.kbv.de/media/sp/Praxisinformation_Gesundheitsuntersuchung.pdf (رسائی کردہ اکتوبر 2023)۔
  5. حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے بعد کی طبی نگہداشت سے متعلقہ فیڈرل جوائنٹ کمیٹی کے فیڈرل جوائنٹ کمیٹی رہنما اصول ("زچگی کے رہنما اصول”)۔ https://www.g-ba.de/downloads/62-492-3191/Mu-RL_2023-04-20_iK-2023-06-30.pdf (رسائی کردہ اکتوبر 2023).
  6. Cornberg M et al. Z Gastroenterol 2021; 59: 691 -776.